جمعرات، 5 نومبر 2026

آبنائے ھرمز: بزور طاقت قبضہ ناممکن!!!

5 اکتوبر 2026

آبنائے ھرمز: بزور طاقت قبضہ ناممکن!!!


آج ہم ایران۔امریکہ جنگ کے تناظر میں تجزیہ کریں گے کہ:
“کیا امریکہ بزور طاقت آبنائے ہرمز کھلوا سکتا ہے”۔۔اور “کیا ایران کی رضامندی کے بغیر آبنائے ہرمز میں جہاز رانی ہو سکتی ہے”
سب سے پہلے ہم آبنائے ہرمز کی لوکیشن کا جائزہ لیں گے۔
قارئین کرام، آبنائے ہرمز کا جغرافیہ، ایران کی حکمتِ عملی اور طاقت کا نیا توازن، مستقبل میں دنیا کی اور خصوصا مشرق وسطی کی تقدیر بدل سکتا ہے۔
آبنائے ہرمز دیکھنے میں ایک تنگ سمندری راستہ، مگر اثرات کے اعتبار سے پوری دنیا کی معیشت کی شہ رگ۔ یہاں سے گزرنے والا ہر تیل بردار جہاز دراصل عالمی سیاست، توانائی کی منڈی اور طاقت کے توازن کی ایک چلتی پھرتی علامت ہوتا ہے۔
آبنائے ہرمز، خلیج فارس کو بحرِ ہند سے ملاتی ہے، اور دنیا کی تقریباً ایک تہائی تیل کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے عالمی معیشت کا
“چوک پوائنٹ” (Chokepoint) کہا جاتا ہے۔ مگر اس کی اصل اہمیت صرف اقتصادی نہیں بلکہ اس کا جغرافیہ، خود ایک ایسی عسکری حقیقت ہے جو بڑی بڑی طاقتوں کے لیے چیلنج بن جاتی ہے۔ آبنائے ہرمز کی جغرافیائی ساخت بظاہر سادہ مگر عملی طور پر نہایت پیچیدہ ہے۔ اس کی کل لمبائی تقریباً 180 کلومیٹر ہے جبکہ اس کا تنگ ترین حصہ صرف 40 کلومیٹر ہے۔ لیکن اصل مسئلہ اس کی چوڑائی نہیں بلکہ اس کے اندر گہرے پانی کے وہ مخصوص بحری راستے ہیں جہاں سے بڑے جہاز گزرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ یہ راستے مزید تنگ ہو کر محض چند کلومیٹر تک محدود ہو جاتے ہیں، جس سے یہ علاقہ ایک قدرتی Bottle Neck بن جاتا ہے۔
یہی جغرافیہ ایران کے لیے ایک قدرتی دفاعی قلعے کی حیثیت اختیار کر لیتا ہے۔ آبنائے ہرمز کا شمالی کنارہ مکمل طور پر ایران کے کنٹرول میں ہے، جہاں سے وہ نہ صرف آبنائے کی مکمل نگرانی کر سکتا ہے بلکہ اس میں داخل ہونے والے کسی بھی ممکنہ دشمن کے خلاف فوری کارروائی بھی کر سکتا ہے۔ عسکری ماہرین اسی وجہ سے اسے ایک “kill zone” یعنی دشمن کی قتل گاہ، قرار دیتے ہیں۔ عسکری اصطلاح میں یہ ایسا علاقہ ہوتا ہے جہاں دشمن کے داخل ہوتے ہی اسے چاروں طرف سے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

اسی تناظر میں اگر امریکہ یا کوئی بھی بڑی بحری طاقت اس میں داخل ہونے کی کوشش کرے تو ایران اپنی سرزمین اور ساحل سے اینٹی شپ میزائل، ڈرون حملوں اور دیگر ہتھیاروں کے ذریعے آسانی سے بڑے جنگی اور مال بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ ایران کے پاس ایسے میزائل موجود ہیں جو انتہائی تیز رفتاری سے ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
گزشتہ چند برسوں میں ایران نے ڈرون ٹیکنالوجی میں حیرت انگیز ترقی کی ہے۔ موجودہ جنگ میں ایران اپنی جدید میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی کا موثر مظاہرہ کر چکا ہے۔
ایران کی حکمتِ عملی کا اصل جوہر اس کی(Asymmetric Warfare)
یعنی “غیر متوازن جنگ” کی حکمت عملی میں پوشیدہ ہے۔ ایران یہ حقیقت بخوبی جانتا ہے کہ روایتی جنگ میں وہ امریکہ جیسی سپر پاور کا مقابلہ نہیں کر سکتا، اسی لیے اس نے اپنی دفاعی حکمتِ عملی کو اس انداز میں ترتیب دیا ہے کہ حملہ آور فوج کو ایک لمبی جنگ میں الجھا کر فیصلہ کن فتح حاصل کرنے سے روکا جا سکے۔
اس حکمت عملی کا بنیادی مقصد حملہ آور فوج کو کسی مخصوص علاقے میں داخل ہونے سے روکنا یا داخل ہونے کی صورت میں اسے اس قدر نقصان پہنچانا کہ وہ اپنا آپریشن یا فوجی کارروائی جاری نہ رکھ سکے۔ ایران اس مقصد کے لیے مختلف ذرائع استعمال کرتا ہے، جن میں سب سے اہم اینٹی شپ میزائل ہیں۔ یہ میزائل ساحل سمندر سے داغے جاتے ہیں اور بڑے جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس کے علاوہ ایران کے ڈرونز اس حکمتِ عملی کا ایک اہم جزو ہیں۔ (جاری ہے)